اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کی اربوں روپے کی زمینیں واگزار کرائی گئیں، ریلوے سٹیشنز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کی ترقی سے ملک کی ترقی وابستہ ہے، ریلوے کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے کوشاں ہیں، ریلوے ٹریک کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ٹرینوں کے اوقات سے متعلق کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف ریلوے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم نے میری کارکردگیوں پر تعریف کی، ریلوے میں تعمیر و ترقی کے ساتھ واش رومز کی صفائی ستھرائی پر زور دیا، آج بھی کوئی مجھے ریلوے کے حوالے سے ویڈیوز بھیج دیتا ہے تو اس پر فوری عمل درآمد کرواتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے سٹیشنز پر معلوماتی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں، ہم نے ٹرین ہوسٹس کی سہولت متعارف کرائی ہے، ریلوے سٹیشنز پر کھانے پینے کی اشیا کا معیار بہتر بنایا گیا ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر قوم کو فخر ہے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ میں نے وزیراعظم کو وزارت کے معاملے پر بریفنگ دی ہے، آئندہ سال انشاءاللہ دس کروڑ روپے کی لاگت سے نیشنل پریس کلب میں جم بنائیں گے۔