پشاور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام بانی پی ٹی آئی کے نام سے منسوب کرنا عوام کی خواہش تھی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مارے صوبے کے پیسے نہیں دیے جا رہے،حیران ہوں کہ وفاق تو ہم پر سیاسی مقدمات قائم کر رہا ہے،وفاق کیسز تو بنا رہا ہے لیکن امن و امان کی صورتحال پر توجہ نہیں دے رہا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ دہشت گردی روکنے کیلئے پالیسی نہیں بنا رہے ہیں، ان کو کوئی پرواہ ہی نہیں، انہوں نے ساری توجہ پی ٹی آئی پر دی، دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھا لیا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات کیلئے ٹی او آرز بنائے ہیں، افغانستان سے بغیر بات چیت کے یہ مسائل حل نہیں ہوں گے، کرم میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے کام کر رہے ہیں، کرم میں جن لوگوں نے حملہ کیا ان کو نہیں چھوڑا جائے گا۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ قرضوں پر قرضے لیے جا رہے ہیں، ان کی کیا کارکردگی ہے؟
پنجاب حکومت اشتہارات دے رہی ہے، کارکردگی کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ میں بھی ویڈیوز بنانا شروع کر دوں تو اس سے کیا کارکردگی ظاہر ہو گی؟۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام بانی پی ٹی آئی کے نام سے منسوب کرنا عوام کی خواہش تھی، بانی پی ٹی آئی کو اسٹیڈیم سے متعلق غلط رپورٹ پیش کی گئی، اسٹیڈیم میں پختونخوا کی اپنی سپر لیگ بھی شروع کر رہے ہیں۔