اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) ڈریپ نے ضروری ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے متعلق زیرِ گردش خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈریپ نے ضروری ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا ہے۔ترجمان ڈریپ کے مطابق ضروری ادویات، بشمول انسولین اور دیگر جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا، گزشتہ چند ماہ کے دوران ضروری ادویات کی قیمتوں میں کسی نئے اضافے کی منظوری نہیں دی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ ضروری ادویات کی فہرست میں شامل ادویات کی قیمتوں میں فارماسیوٹیکل کمپنیاں از خود اضافہ نہیں کر سکتی ہیں، ڈریپ ادویات کی دستیابی کے حوالے سے کڑی نگرانی کو یقینی بنا رہی ہے۔ڈریپ کے ترجمان کے مطابق ڈریپ نے بطور ریگولیٹر تمام فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو دو اہم ایڈوائزریز جاری کی ہیں۔فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خام مال کے حصول کے متعدد ذرائع اختیار کریں اور مناسب ذخیرہ برقرار رکھیں تاکہ عالمی سپلائی چین میں ممکنہ رکاوٹوں کے باعث ادویات کی قلت سے بچا جا سکے۔









