اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) ادرک کا استعمال پٹھوں کے درد میں کمی, دماغ کی کارکردگی میں اضافہ, دائمی بد ہضمی اور متلی کی بیماری سے افاقہ سمیت شوگر کی بیماری کے خاتمہ میں بھی انتہائی مفید ہے۔ ادویات میں ادرک کا استعمال صدیوں سے کیا جا رہا ہے.
ماہر غذائیت ڈیوڈ بلینڈر نے کہا ہے کہ ادرک ایک ایسی منفرد سپر فوڈ ہے جو صحت مند اور طویل زندگی گزارنے میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادرک کے فوائد بہت زیادہ ہیں اور صدیوں سے اس کو روایتی ادویات میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ ڈیوڈ بلینڈر نے مزید کہا ہے کہ ادرک سستا بھی ہے اور آسانی سے تازہ، خشک اور فروزن شکل میں مارکیٹ میں سارا سال دستیاب ہوتا ہے حتیٰ کہ یہ پاؤڈر کی شکل میں بھی مل جاتا ہے۔
ادرک سوزش اور درد کو کم کرنے کے لیے انتہائی مفید ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ادرک دماغ کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے کیونکہ ادرک اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور ہے۔ ڈپریشن، اضطراب، اے ڈی ایچ ڈی اور الزائمر جیسے دماغی امراض کا تعلق سوزش سے ہے۔ ماہرین صحت نے کہا ہے کہ ادرک کا استعمال سوزش کم کر کے ان بیماریوں کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے اور یہ دماغ کی کارکردگی کو بھی بہتر بناتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ادرک پٹھوں کے درد میں کمی کیلئے بھی مفید ہے. ادرک نہ صرف دماغی سوزش کو کم کرنے کی خصوصیت رکھتا ہے بلکہ یہ جوڑوں کی سوزش اور پٹھوں کے درد کو بھی کم کرتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ گنٹھیا کے علاج کے لیے بھی مفید ہے اور جوڑوں کے درد اور اکڑاؤ سے بھی نجات دلاتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق ادرک برسوں سے سفر کے دوران طبیعت خراب ہونے کے لیے دوا کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ادرک کینسر کے ان مریضوں کے لیے بھی مفید ہے جو کیموتھیرپی سے گزر رہے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ متلی اور بیماری کی شدت میں کمی کیلئے بھی مفید ہے.
مزید برآں ادرک سرجری کے بعد متلی کی شکایت کو کم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادرک دائمی بد ہضمی کا علاج بھی ہے. جو طویل عرصہ سے پیٹ کے درد کو دور کرنے کے لیے استعمال ہو رہا ہے اور نظام انہضام سے گیس اور معدے کے درد کو بھی دور کرنے کے لیے بھی فائدہ مند ہے.
رپورٹ کے مطابق ادرک شوگر کے مریضوں کے لیے بھی مفید ہے. ادرک کے استعمال اور بلڈ شوگر لیول میں کمی کے درمیان بھی ایک مثبت ربط ہے۔ ادرک کا استعمال شوگر کے مریضوں میں انسولین کے ریسپانس اور میٹابولزم کو بہتر کرتا ہے۔









