اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار و ہدایت کار کاشف محمود کے بیٹے نے قرآن مجید حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق کاشف محمود نے اپنے بیٹے کے ساتھ لی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ الحمداللہ، میرے منجلے (درمیانے)بیٹے محمد ابان کاشف حافظ قرآن بن گیا ہے۔
اس تصویر میں کاشف محمود کی خوشی دیدنی ہے اور ایسا محسوس ہورہا ہے کہ انہیں اپنے بیٹے کو ملنے والی کامیابی پر بہت زیادہ فخر ہے۔کاشف محمود کی اس پوسٹ پر ان کے فالوورز اور مداحوں نے مبارکباد دی اور ابان کی استقامت کی دعا کی۔
ایک صارف نے لکھا کہ اللہ اس حفظ قرآن کی برکت آپ کی زندگی میں بھی دے اور دونوں جہاں میں کامیاب کرے آمین،۔اس کے علاوہ تمام ہی صارفین نے انہیں مبارکباد پیش کی اور خوشی کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے اس خبر کو بڑا سرپرائز قرار دیتے ہوئے کاشف محمود اور ابان کاشف کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔









