نجیبہ فیض

اداکارہ نجیبہ فیض کے چہرے میں نمایاں تبدیلیوں نے مداحوں کو حیران کر دیا

پشاور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ اور میزبان نجیبہ فیض پشتو نشریات سے لے کر اردو ڈراموں تک میں اپنی پہچان بنا چکی ہیں، ان دنوں سوشل میڈیا پر اپنے بدلے ہوئے انداز کے باعث توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

نجیبہ فیض نے سنگِ مرمر، سنگِ ماہ، میری شہزادی اور میسنی جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، ان دنوں وہ نجی ٹی وی کے مقبول سیریل شراکت میں مرکزی کردار نبھا رہی ہیں۔پشتون ناظرین میں نجیبہ فیض کو ان کے روایتی، سادہ اور قدرتی انداز کے باعث خاص پسند کیا جاتا ہے، ان کے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر لاکھوں مداح ہیں، جس میں پشتون فالوورز کی بڑی تعداد شامل ہے، صرف ٹک ٹاک پر ان کے 47 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔

نجیبہ فیض کی حالیہ تصاویر اور ٹی وی پر موجودگی نے ان کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ وہ اب پہلے جیسے قدرتی انداز میں نظر نہیں آتیں، ان کے چہرے کے خد و خال میں نمایاں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے، تصاویر میں ان کا چہرہ واضح طور پر بوٹوکس کے اثرات سے متاثر دکھائی دے رہا ہے، جبکہ لبوں میں فلرز بھی نمایاں محسوس کیے جا رہے ہیں.

جس کی وجہ سے ان کے چہرے کا تاثر کافی حد تک بدل گیا ہے۔اگرچہ شوبز انڈسٹری میں اس قسم کی تبدیلیاں عام ہو چکی ہیں، تاہم نجیبہ فیض کے مداح ان کے قدرتی حسن کے مداح تھے اور اسی وجہ سے یہ تبدیلی ان کے لیے باعثِ حیرت بنی ہے۔ابھی تک نجیبہ فیض کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت یا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔