علیزے شاہ

اداکارہ علیزے شاہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر چہ میگوئیوں کا مرکز بن گئی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر چہ میگوئیوں کا مرکز بن گئی ہیں، لیکن اس بار ان کے بولڈ انداز کے بجائے ان کی ذاتی زندگی کے ایک نئے پہلو نے سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کروائی ہے۔

حال ہی میں انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اسٹوریز میں علیزے کو ایک نامعلوم شخص کے ساتھ وقت گزارتے دیکھا گیا، جس نے فینز کے درمیان تجسس کی لہر دوڑا دی۔ ایک اسٹوری میں علیزے کو اپنے اس مسٹری مین کے کندھے پر ہاتھ رکھے دکھایا گیا، جس کے ساتھ انہوں نے دو نیلے دل کے ایموجیز بھی شامل کیے تھے۔ ایک اور ویڈیو میں یہی شخص علیزے کے لیے کھانا پیش کرتا نظر آیا۔

صورتحال اس وقت اور بھی دلچسپ ہو گئی جب علیزے نے ایک مختصر کلپ شیئر کیا جس میں ایک شخص ان کے کمرے میں ورزش کرتا دکھائی دیا۔ اس ویڈیو میں علیزے نے کہا، صبح کے 8 بج رہے ہیں، جس کے بعد انہوں نے اس شخص کو آرام کرنے کا کہا۔سوشل میڈیا صارفین نے ان ویڈیوز کو دیکھتے ہی مختلف قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔ کئی صارفین کا خیال ہے کہ علیزے نے اپنا دل کسی کو دے دیا ہے اور جلد ہی وہ اسے باقاعدہ طور پر متعارف کروائیں گی۔

کچھ نے کہا کہ اب انہیں اپنی زندگی میں ایک خاص شخص مل گیا ہے۔تاہم، علیزے شاہ نے اب تک کسی بھی رومانوی تعلق کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔ ان کی یہ پراسرار پوسٹس فینز کے لیے ایک معمہ بنی ہوئی ہیں، جنہیں اب علیزے کے باضابطہ بیان کا بے چینی سے انتظار ہے۔

یہ پہلی بار نہیں ہے جب علیزے شاہ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنی ہیں، لیکن اس بار ان کی ذاتی زندگی کے اس نئے پہلو نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ کیا واقعی علیزے کسی رومانوی رشتے میں بندھ چکی ہیں؟ اس سوال کا جواب تو شاید وقت ہی دے گا، لیکن فی الحال سوشل میڈیا پر یہ موضوع گرم ہے۔