لاہور (رپورٹنگ آن لائن)شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ خوشبو نے زندگی کی تلخ یادوں سے پردہ اٹھا دیا۔اداکارہ خوشبو نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی اور نجی زندگی سمیت دیگر موضوعات پر اپنی رائے ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ میں فلموں میں نہیں آنا چاہتی تھی، میں بچپن میں بالکل گھریلو تھی جب فلم میں آئی تو گیارہ سال کی عمر میں ہیروئن بن چکی تھی لیکن میں چاہتی نہیں تھی۔اداکارہ نے کہا کہ اکثر امی سے کہتی تھی کہ گھر چلیں، والدہ کی دوست نے فلم شروع کی تو اس میں بچی چاہیے تھی میں 7 سال کی تھی تو کردار ملا پھر قوی صاحب کی فلم آفر ہوئی۔
خوشبو کے مطابق ان کی پڑھائی چھوٹ گئی اور بریک نہیں ملا کہ فلموں سے ہٹ جاں، چھٹی ملتی تھی تو چاکلیٹ اور آئسکریم کھانے چلی جاتی تھی۔انہوں نے کہا کہ مجھے ٹیچر بننے کا شوق تھا لیکن مجھ سے میری مرضی کے بغیر بچپن چھینا گیا۔اداکارہ نے کہا کہ سب سے چھوٹی تھی لیکن بہن بھائیوں کو پالنا تھا، ان کے بچے پالے اور خاندان کے بہت سارے لوگوں کی پرورش کی، بہت ساری ذمہ داریاں تھیں جس کی وجہ سے کام جاری رکھنا پڑا۔خوشبو نے کہا کہ آج ماشا اللہ سب خاندان والے سیٹ ہوگئے ہیں لیکن میں اکیلی ہوں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کیریئر کے دوران دولت، چمک، شہرت اور بہت سارے لوگوں کا ساتھ بھی دیکھا لیکن پھر وہ تنہا بھی ہوئیں، جس وجہ سے وہ ڈپریشن کا شکار بھی ہوئیں، کئی ماہ تک وہ تنہا کمرے میں بند رہتی تھیں لیکن اب ان کا ڈپریشن ختم ہوچکا ہے۔