راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احساس کفالت پروگرام میں غیر سیاسی طور پر امدادی کیش فراہم کر رہے ہیں، مستحق افراد کو اپنے پاوں پرکھڑا کرنے کیلئے چھوٹے کاروبار کیلئے سہولت فراہم کرینگے، نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم پر کام شروع ہوچکا ہے ،
احساس کفالت پروگرام کوئی احسان نہیں، حکومت کا فرض ہے، پروگرام کے تحت مستحق افراد کو پیسے ملتے رہیں گے، تمام خاندانوں کو صحت کارڈ فراہم کیا جائے گا، نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم بھی مزدور طبقے کیلئے ہے، مستحقین کو سود کے بغیر قرض فراہم کریں گے، کوئی نہیں کہہ سکتا احساس پروگرام میں رقم کی تقسیم غیر منصفانہ کی۔راولپنڈی میں احساس کفالت پروگرام کے دوسرے مرحلے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ پروگرام غریب لوگوں پر احسان نہیں بلکہ حکومت کا فرض ہوتا ہے کہ اپنے اس طبقے کو جو کمزور ہے اس کی حمایت کریں، ان کی مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو ایک صحت کارڈ دیں گے، جس کا مطلب آپ ساڑھے 7 لاکھ روپے تک کسی بھی ہسپتال میں علاج کروانا چاہیں گے تو وہ مفت ہوگا لیکن اس کے علاوہ ہم ایک اور پروگرام کر رہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری نیا پاکستان ہاسنگ اسکیم مزدوروں کے لیے ہے جو کبھی اپنا گھر نہیں خرید سکتے، ہم ایک نیا ایسا سسٹم لارہے ہیں کہ بجائے کرایہ دینے کے وہی رقم قسطوں میں چلا جائے گا اور گھر آپ کا ہوجائے گا، اس کے لیے بھی ہم کوشش کر رہے ہیں، اس کے علاوہ ہم اخوت کے ساتھ مل کام کر رہے ہیں اور انہیں ساڑھے 3 ارب روپے دے چکے ہیں اور آگے 10 ارب روپے دیں گے تاکہ مستحق لوگوں کو وہ بغیر سود کے قرضے دیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ہم آپ کو اپنے کاروبار کرنے کے لیے مدد کریں گے، جس کے بارے میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر آگاہ کریں گی۔ اپنی گفتگو کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ احساس پروگرام کے تحت 12 ہزار روپے مستحق لوگوں کو جائیں کیونکہ ہم نے ایسی فہرستیں دیکھی ہیں جس میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو مستحق نہیں تھے، ان کی پہلے نوکریاں تھی، 8 لاکھ 20 ہزار سرکاری ملازم تھے انہیں نکالا جبکہ اب 30 ہزار ایسے لوگوں کو نکالا جو مستحق نہیں تھے کیونکہ ہماری کوشش ہے کہ یہ رقم صرف مستحق افراد کو جائے۔ اس موقع پر انہوں نے لبنان کے حوالے سے کہا کہ وہاں لوگ سڑکوں پر نکل کر مظاہرے کر رہے ہیں اور اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگ کہتے ہیں کہ کورونا کے دوران سیاسی بنیادوں پر رقم تقسیم کی گئی اور یہ منصفانہ تقسیم نہیں تھی۔
تاہم انہوں نے کہا کہ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہم نے احساس پروگرام میں پیسوں کی تقسیم سیاسی بنیادوں یا منصفانہ طریقے سے نہیں کی، یہ ثانیہ نشتر کی ٹیم کو کریڈٹ جاتا ہے کہ کہیں سے یہ آواز نہیں آئی کہ پیسے کی تقسیم غیرمنصفانہ تھی بلکہ سندھ کی آبادی کے حساب سے ہم نے زیادہ پیسہ سندھ میں دیا، حالانکہ ہماری وہاں حکومت نہیں تاہم ہم نے میرٹ کی بنیاد پر یہ کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم آج سے اس کا دوسرا مرحلہ شروع کر رہے ہیں جس میں 70 لاکھ خاندانوں میں ہم آج سے پیسے بانٹنا شروع کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ اس کی منصفانہ تقسیم ہو اور سیاسی بنیادوں یا من پسندوں کو پیسہ نہیں بانٹا جائے گا۔
آخر میں وزیراعظم نے یقین دلایا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ آپ کی مدد کی جائے اور ذمہ داری پوری کی جائے، یہ احساس پروگرام بڑھتا جائے گا اور ہم مزید چیزیں لائیں گے اور ہم تعلیم کے حوالے سے بھی توجہ دے رہے ہیں جس کا مقصد یہ ہے کہ آپ کے بچے بھی بڑے عہدوں کو پہنچ سکیں اور خیال رکھ سکیں۔