لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) لاہور کی احتساب عدالت نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیداد قرق کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے میر شکیل الرحمن سمیت دیگر ملزمان کو انیس جنوری کو فرد جرم کیلئے طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس کی سماعت ہوئی۔ ملزم میر شکیل الرحمان جج اسد علی کے روبرو پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیدادوں کو قرق کرنے کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کی جائیدادوں کو قرق کرنے کا مرحلہ جاری ہے۔
محمد نواز چوہدری ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ گزشتہ سماعت پر ریفرنس کی کاپیاں فراہم کی گئی تھیں مگر ریفرنس کے والیم دو کے صفحات پڑھے نہیں جارہے لہذا ریفرنس کی صاف کاپیاں فراہم کی جائیں۔ دوران سماعت میر شکیل کے ملازم مقصود بٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی سماعت چودہ روز تک ملتوی کی جائے۔ عدالتی کارروائی میں مداخلت پر فاضل جج نے اظہار برہمی کیا۔
جج اسد علی نے اظہار برہمی کیا کہ یہ بندہ کون ہے؟ میر شکیل پر کل فرد جرم عائد کی جائے گی۔ میر شکیل نے اپنے ملازم مقصود بٹ کو خاموش رہنے کی ہدایت کی جس پر مقصود بٹ نے عدالت سے معافی مانگ لی۔ عدالت نے میر شکیل الرحمن سمیت دیگر ملزمان کو انیس جنوری کو فرد جرم کیلئے طلب کر لیا۔ احتساب عدالت نے وکلا کو ریفرنس والیم دو کی متعدد دستاویزات فراہم کرنے اور شریک ملزم میاں نواز شریف کی جائیداد قرقی کی رپورٹ بھی طلب کرلی