ایل این جی ریفرنس

احتساب عدالت اسلام آباد میں زیر سماعت ایل این جی ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی 23 فروری تک ملتوی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)احتساب عدالت اسلام آباد میں زیر سماعت ایل این جی ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی 23 فروری تک ملتوی کردی گئی ہے۔

منگل کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے ایل این جی ریفرنس کی سماعت کی۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ شریک ملزمان کے وکلا نے استدعا کی کہ اسلام آباد بار کونسل نے ہڑتال کر رکھی ہے، سماعت ملتوی کی جائے۔

جج اعظم خان نے ریمارکس دیئے کہ ہم کسی سے زبردستی نہیں کروائینگے، مفتاح اسماعیل کے وکیل کہاں ہیں؟ معاون وکیل نے جواب دیا کہ وہ سپریم کورٹ میں ہیں ان سے معلوم کرتے ہیں کہ وہ ہڑتال کرینگے یا نہیں۔ عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیتے ہوئے سماعت میں وقفہ کردیا۔

بعد ازاں ریفرنس میں شریک ملزم مفتاح اسماعیل کے وکیل عدالت پیش نہ ہو سکے۔ عدالت نے مفتاح اسماعیل کے وکیل کی عدم موجودگی پر سماعت 23 فروری تک ملتوی کر دی۔