عظمی بخاری

احتر ام اپنی جگہ ،اتحادی جیسی بات کرینگے ویسا جواب ملے گا ،عظمیٰ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرجیل میمن،ندیم افضل چن اور مرتضیٰ وہاب نے صرف سستی پوائنٹ سکورنگ کی، پیپلز پارٹی والوں کو دعوت ہے لاہور یا جنوبی پنجاب آئیں، اپنی سترہ سالہ کارکردگی دکھائیں ہم دو سال کے نوے منصوبے بتائیں گے ، پنجاب کے حق کی بات کرنا اور اس کا مقدمہ لڑنا ہماری ذمہ داری ہے ، پنجاب حکومت کو کوئی حکم یا ڈکٹیشن نہ دیں.

اپنی حدود میں رہیں، مریم نواز یا پنجاب حکومت کے خلاف مقدمے درج کروانے کا شوق پورا کر لیں، تمام اتحادی جماعتوں کا احترام اپنی جگہ لیکن جیسی بات کی جائیگی ویسا ہی جواب دیا جائیگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک طرف اتحادی ہے اور دوسری طرف صوبائیت کا نعرہ لگاتی ہے ، ایم کیو ایم نے کراچی کے نام پر ورلڈ بینک سے 300 ارب روپے مانگے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ تین ہفتوں میں پنجاب کے معاملات پر کی گئی 34 پریس کانفرنسز کی وضاحت کرے ، اگر پنجاب پر 34 حملے ہوں گے تو ہم دوسرا گال آگے نہیں کریں گے ، پنجاب لاوارث نہیں ، پنجاب کے تمام منصوبے صوبائی وسائل سے مکمل ہو رہے ہیں ،پنجاب میں کیا ہوگا، یہ سندھ یا کوئی اور صوبہ نہیں بتائے گا ۔

عظمٰی بخاری نے کہا کہ سندھ کے وزیر اطلاعات جب پنجاب آئے تو سمجھا سولر، صفائی یا عوامی خدمت پر بات ہوگی لیکن وہ وہی کچھ کرنے آئے جس کا دباؤ ان پر مریم نواز حکومت کی کارکردگی ڈال رہی ہے ، کارکردگی ہمارا اصل جواب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنا گھر اپنی چھت پروگرام کے تحت 90 ہزار خاندانوں کو اپنے گھر مل چکے ،پنجاب حکومت کی بر وقت تیاریوں کی وجہ سے بڑے نقصانات سے بچ گیا،سیلاب سے 47 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ۔

عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا کہ سیلاب زدہ علاقوں کو ہر قسم کے ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کا فیصلہ کر لیا جبکہ سول ڈیفنس ملازمین کی تنخواہوں میں 15 ہزار روپے اضافے کی منظوری دیدی گئی ،غیر قانونی کالونیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی ،17 اکتوبر سے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے جائیں گے ۔