ریاض (رپورٹنگ آن لائن )سعودی عرب میں وزارتِ حج و عمرہ نے ایکس پلیٹ فارم پر جاری ایک بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ حج 2025 کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے حج کا اجازت نامہ حاصل کریں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یہ حج اجازت ناموں کے لیے مختص مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم (منص تصریح) کے ساتھ تکنیکی طور پر مربوط ہے۔ حاجیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضوابط و ہدایات کی پابندی بھی ضروری ہے۔اسی بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کا ویزا رکھنے والے افراد حج ادا کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے، سوائے ان افراد کے جو حج ویزا پر آئیں گے۔
بغیر اجازت نامے کے حج کی ادائیگی کی کوشش کرنا حج کے قوانین اور ہدایات کی خلاف ورزی شمار کی جائے گی۔وزارت نے جعلی اور گمراہ کن حج مہموں کی سوشل میڈیا پر تشہیر کے ذریعے ہونے والے دھوکہ دہی اور فراڈ سے خبردار کیا ہے۔ ان میں مقدس مقامات پر رہائش اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی جھوٹی پیشکش کی جاتی ہے۔
وزارت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسے دھوکہ دہی کرنے والوں کی اطلاع مکہ مکرمہ، ریاض اور مشرقی صوبوں میں (911) نمبر پر اور باقی تمام صوبوں میں (999) نمبر پر دیں۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں متعلقہ حکام کو ایسی جعلی اور گمراہ کن تشہیر کی اطلاع دی جائے۔وزارت نے یہ بھی یاد دہانی کرائی ہے کہ عمرہ ویزا پر آنے والے زائرین کے لیے واپس جانے کی آخری تاریخ منگل، یکم ذو القعدہ 1446ھ، مطابق 29 اپریل 2025 ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ حج سیزن کی تیاری کی جا سکے۔