عطا تارڑ

اثاثے ہوں یا اولاد، ظاہر نہ کرنے پر نااہلی ہوتی ہے، عطا تارڑ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطااللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ اثاثے ہوں یا اولاد، ظاہر نہ کرنے پر نااہلی ہوتی ہے، پارٹی سربراہ چاہے ایم این اے ہو یا نہ ہو یہ قانون لگے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا ہے، ٹیریان کی والدہ بیٹی کے قانونی حق کے لیے لاس اینجلس میں ماری ماری پھرتی رہی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان عدالتوں سے بھاگنے کے ماسٹر ہیں، عمران کے وکیل عدالت کا دائرہ اختیار چیلنج کرنے کے بجائے میرٹ پر دلائل دیں۔واضح رہے کہ مبینہ بیٹی چھپانے پر عمران خان کی نااہلی کیس میں متفرق درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کی سربراہی میں لارجر بینچ نے سماعت کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کے وکیل بدھ اور جمعرات کو اپنے دلائل مکمل کریں، پھر عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ کے دلائل سنیں گے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 8 مارچ تک ملتوی کردی۔