طاہر محمود اشرفی 45

اتحاد امت کی ضرورت پہلے سے کئی زیادہ ہے، موجودہ بحران میں پاکستانی قیادت کا مثبت کردار کسی سے مخفی نہیں، حافظ طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اتحاد امت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، موجودہ بحران میں پاکستان کی قیادت کا مثبت کردار کسی سے مخفی نہیں، امن کی بنیاد کے لئے ہم نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ، ملک میں وحدت اور احترام کے قیام کے لئے محراب و منبر، سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتحاد امت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کا ایران پر حملہ ناقابل قبول اور بلاجواز ہے، روز اول سے پاکستان کی حکومت، عوام، تمام مکاتب کے فکر کے علما و مشائخ نے اس بات کی مذمت بھی کی اور بار بار کہا کہ یہ عمل ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران میں پاکستانی قیادت کا مثبت کردار کسی سے مخفی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن کی بنیاد کے لئے ہم نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ،دعا گو ہیں کہ یہ بات آگے بڑھے اور دنیا میں امن قائم ہو، پاکستان کا پرچم ایک عظمت، شان اور وقار کی علامت بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر خراج تحسین کے مستحق ہیں کہ انہوں نے سعودی عرب کی قیادت اور باقی عرب اسلامی ممالک کی قیادت کے ساتھ بات چیت کر کے اسرائیل کا جو خواب تھا اس کو چکنا چور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور مصر امن کوششوں میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ایران بھی پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وحدت اور احترام کے قیام کے لئے محراب و منبر، سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے، ملک کی قیادت کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ آپ کی پشت پر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس دن سے ایران پر حملہ ہوا ہے اس دن سے آج تک مسجد اقصیٰ کے دروازے بند ہیں، مسجد میں نماز ادا نہیں ہوئی، پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ مسجد میں نماز عید ادا نہیں ہوئی، 1967ء کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے امریکا کو استعمال کیا، امریکا کو یہ بات سمجھنی چاہیے، اسرائیل نے امریکا کو ایسی دلدل میں دھکیل دیا ہے کہ جس سے نکلنا مشکل ہے، ایران نے مضبوطی کے ساتھ اپنا دفاع کیا ۔

انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے علما و مشائخ نے جو کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کسی بھی بے گناہ کو قتل کرنے والا جہاد نہیں ظلم کر رہا ہے، ہماری فوج ان ظالموں کے خلاف جہاد کر رہی ہے، پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں افغان سرزمین ملوث ہے، لاشیں بھی اٹھائیں اور مذاکرات بھی کریں اب ایسا نہیں ہو گا، ملا ہیبت اللہ حکم جاری کریں کہ اب افغان سرزمین سے پاکستان پر حملہ نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں