لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کی دہائیوں کی پارٹنر شپ کا ملک اور عوام کو کبھی کوئی فائدہ نہیں ہوا ،دونوں جماعتیں صرف اقتدار کو انجوائے کرتی ہیں ،ہر طرح کے تجربات اور کوششوں کے باوجود ملک کے ابتر حالات سے ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان عمران خان کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا اس لئے حکمران مائنس عمران خان کی ضد اور ہٹ دھرمی سے سرنڈر کر دیں ۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ امسال رمضان المبارک میں عوام کو کسی طرح کا کوئی ریلیف نہیں ملا ، عوام دوہائیاںدیتے رہے کہ اشیائے خوردونوش کی خریداری ان کی پہنچ سے باہر ہیں جبکہ حکمران ان کی داد رسی کی بجائے سب اچھا کی رپورٹ دے کر آنکھوں میں دھول جھونکتے رہے۔
گراں فروشوں نے نام نہاد تجربہ کار حکمرانوں کے ہوتے ہوئے اس رمضان میں عوام کا جس قدر استحصال کیا ہے ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے باوجود ڈیل نہ کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں پاکستان اور عوام کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان شا اللہ وہ دن دور نہیں جب عمران خان سر خرو ہوں گے اور ایک بار پھر ملک کے وزیر اعظم بنیں گے۔