لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ کشمیریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والی بھارتی حکومت کے ساتھ شریف برادران کے تجارتی مراسم معنی خیز ہیں۔
کرائم منسٹر کی آڈیو لیک تشویشناک ہے ۔ آڈیو لیک سے شریف خاندان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آگیا ہے اوراس خاندان نے ہمیشہ اپنے کاروباری مفادات کو ریاستی مفادات پر ترجیحی دی ہے۔اپنے بیان میں سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پاکستان کے حکمران ہوتے ہوئے بھارت سے کاروباری تعلقات رکھنے والے خاندان پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔ن لیگ سیاسی جماعت نہیں بلکہ مفاد پرستوں کا گروہ ہے اورشریف خاندان نے ن لیگ کو فیملی لمیٹڈ کمپنی بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران کا روبار باہر اور حکومت پاکستان پر کرتے ہیں۔
ان کے ہوتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آسکتی۔وفاق میں بیٹھا کرپٹ ٹولا معاشی تباہی کا ذمہ دار ہے اور اسحاق ڈار کی واپسی سے معیشت بحال نہیں بلکہ کرپشن کے نئے دور کا آغاز ہونے جارہا ہے ۔ سینئر صوبائی وزیر ملک کو مزید معاشی تباہی سے بچانے کیلئے کرپٹ حکمرانوں سے نجات ضروری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں جدوجہد کے ذریعے کرپٹ ٹولے کو اقتدار سے باہر کرنے کا وقت آگیا اور پوری قوم اس کرپٹ خاندان سے ملک کو نجات دلانے کے لئے عمران خان کے ساتھ ہے۔
٭٭٭٭٭