نئی دہلی (رپورٹنگ آن لائن)بھارت کی مودی سرکار کو آپریشن سندور کے دوران نقصانات کے حقائق چھپانے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق رافیل طیاروں سے متعلق بھارتی سی ڈی ایس کے حالیہ بیانات اور مودی کی ناقص حکمت عملی پر اپوزیشن لیڈرز کی جانب سے مودی سرکار پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کے رہنماں نے مودی کی ناکام پالیسیوں اور نام نہاد جمہوریت ہونے کے دعووں کا پردہ چاک کر دیا ہے۔اپوزیشن رہنما اور معروف بھارتی دفاعی ماہر کانگریس لیڈر اور پرمودتیواری کا کہنا تھا کہ مودی سرکار گیارہویں بار امریکی ثالثی کو جھوٹ قرار دے رہی ہے، جبکہ ٹرمپ خود سیز فائر کا علان کر چکے ہیں۔
سی پی آئی ایم لیڈر حنان مولا نے کہا کہ جنگ جیسے اہم مسائل پر تمام سیاسی جماعتوں کو اکھٹا ہونا چاہیے تھا، لیکن مودی صرف اپنے سیاسی فائدے سوچ رہا تھا۔ کانگریس کے جے رام رمیش نے کہا کہ آپریشن سندور جیسی عسکری کارروائی پر بھی بی جے پی نے اپنی سیاست چمکائی۔
انہوں نے کہا کہ مودی کو چاہیے تھا کہ آل پارٹیز میٹنگ بلاتے اور قوم کو حقائق بتاتے۔ بھارتی طیاروں کے متعلق معلومات ہندوستانی پارلیمنٹ میں شیئر کی جانی چاہییں تھیں۔کانگریس کی ڈاکٹر شمع محمد نے کہا کہ سنگاپور میں بھارتی فضائیہ کے نقصان کا اعتراف مودی حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرتا ہے۔
راہول گاندھی نے طیارے گرنے پر سوال کیے تو بی جے پی نے انہیں غدار قرار دیا، حالانکہ سوال پوچھنا جمہوریت کا حصہ ہے۔دفاعی ماہر میجر جنرل (ر)اے کے سیواچ نے کہا کہ بھارت کی جانب سیجنگی حکمت عملی کی غلطیاں کی گئیں، جس کا خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑا۔
جنگ میں نقصان ہونا فطری بات ہے، مگر میڈیا نے عوام کو گمراہ کر کے غلط کہانیاں گھڑیں ۔ مودی سرکار نے فضائیہ کے طیارے گرنے کے حقائق کو چھپا کر قوم کو اندھیرے میں رکھا۔ جنرل چوہان کے حالیہ بیان نے بھارتی میڈیا کے جھوٹے دعوے بھارت میں بھی بے نقاب کر دیے۔