لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل زمان خان نے آوارہ کتوں کی تلفی سے متعلق درخواستکی فائل جسٹس مزمل اختر شبیر کی عدالت بھجوانے کی سفارش کرتے ہوئے چیف جسٹس کو بھجوادی ۔
جسٹس فیصل زمان خان نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی اور ریمارکس دیئے کہ اسی نوعیت کی ایک درخواست پر پہلے ہی جسٹس مزمل اختر شبیر سماعت کر رہے ہیں، اس لیے بہتر ہوگا کہ دونوں درخواستوں کو یکجا سنا جائے۔عدالت نے درخواست جسٹس مزمل اختر شبیر کو بھجوانے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کیلئیسنگین خطرہ بن چکی ہے، لیکن پنجاب حکومت نے اب تک ان کی تلفی سے متعلق کوئی واضح پالیسی مرتب نہیں کی۔ شہری روزانہ درجنوں کتوں کے حملوں کا نشانہ بنتے ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔درخواست میں پنجاب حکومت، سیکرٹری ہیلتھ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔