خواجہ آصف

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ،خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 مئی تک توسیع

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) لاہور کی احتساب عدالت میں لیگی رہنما خواجہ آصف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔

جمعرات کو احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج اسد علی نے سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کیخلاف کیس کی سماعت کی۔ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر خواجہ آصف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں خواجہ آصف نے اپنی حاضری مکمل کروائی۔احتساب عدالت میں جج تعینات نہ ہونے کے باعث جوڈیشل ریمانڈ میں 20 مئی تک توسیع کردی گئی۔

خواجہ آصف نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی میں کہا کہ ان کی طبعیت اب بہتر ہے۔ خواجہ آصف نے 27مارچ کو ضمانت پر رہائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

لیگی رہنما کی درخواست ضمانت میں وفاقی حکومت اور نیب سمیت کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ میں 29 دسمبر کو اسلام آباد سے گرفتار کیا جبکہ نیب کو کیس کا ریکارڈ پہلے ہی فراہم کرچکے ہیں۔ انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ نیب نے انکوائری کے شکایت کنندہ کا کوئی ریکارڈ بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں کیا۔ احتساب عدالت کے جج نے بھی نیب کے پاس تمام متعلقہ ریکارڈ ہونے کی آبزرویشن دی جبکہ الیکشن کمیشن اور ایف بی آر کے پاس اثاثوں کی تمام تفصیلات موجود ہیں۔ خواجہ آصف نے استدعا کی کہ عدالت بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرے۔