اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ موجودہ حالات، آمدن اور ترسیلات زر کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو بھرپور ریلف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سینیٹ میں پارلیمانی لیڈرسینیٹر عرفان صدیقی نے بجٹ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف اور انکی معاشی ٹیم نے معیشت کو بہتری کی طرف گامزن کیا، تمام اشاریے مثبت ہیں اور مستقبل میں بھی بہتری کی نشاندی کر رہے ہیں۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ بجٹ میں غربت سے نیچے طبقہ کو ترجیح دی ہے اور نوجوانوں کی ترقی کے لئے اقدامات اور منصوبے تجویز کئے ہیں، کہا جا رہا تھا کہ معیشت کا برا حال ہے ملک دیوالیہ ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک وفاقی بجٹ کی بات ہے بجٹ بنانا آسان نہیں ہوتا موجودہ حالات، آمدن اور ترسیلات زر کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام کو بھر پور ریلف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تنخواہ دار سرکاری ملازمین کا بجٹ میں خاص خیال رکھا اور 6سے 7فیصد اضافے کی تجویز تھی لیکن وزیر اعظم نے 10فیصد اضافہ دینے کا اعلان کیا اور ٹیکس میں بھی کمی کی گئی ہے جس کا امپیکٹ 15فیصد سے بھی زائد بنے گا۔