لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے امت مسلمہ کو 12ربیع الاول کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم ۖ نے انسانیت کو جہالت، ناانصافی اور ظلم سے نجات دلائی ،آپ ۖنے ایک ایسا معاشرہ اور ریاست تشکیل دی جو جدید معاشرت کا ذریعہ بنی اور انسانیت کو حقوق کی بنیاد پر ریاست کی تشکیل کا عملی نمونہ میسر آیا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آپۖکا اسوہ مبارک انسانیت کی ابدی فلاح کا ذریعہ ہے،
عید میلاد النبیۖ کو اس عہد کے ساتھ منانے کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو رحمت العالمین ۖکے کردار و عمل کے سانچے میں ڈھالیں اور ان کے مقدس نقوش پا کی پیروی کریں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال پاکستان کو آپ ۖکے طرز عمل اور فرمودات کی روشنی میں ایک فلاحی اسلامی ریاست بنانا چاہتے تھے، آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم بانیان پاکستان کے اس خواب کو عملی شکل دینے کے لئے بھر پور جدوجہد کریں۔