سعید غنی 125

آصف علی زرداری کے خلاف عمران نیازی سے این آر او لینے کے جھوٹے پروپیگنڈے کی پرزور مذمت کرتے ہیں ،سعید غنی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف عمران نیازی سے این آر او لینے کے جھوٹے پروپیگنڈے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق مذکورہ الزام کے مکمل برعکس ہیں، آج بھی آصف علی زرداری ، محترمہ فریال تالپور اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کا ٹرائل راولپنڈی میں جاری ہے جبکہ ملکی قوانین اور آئین کے مطابق اگر کوئی بھی مبینہ جرم جس علاقے میں سرزد ہوتا ہے اسکا ٹرائل اسی حدود میں ہونا چاہیئے۔

اپنے جاری ایک بیان میں سعید غنی نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور وزیر اعلی سندھ کے خلاف نیب قانون کے تحت درج ہونے کا کیسز کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے، جبکہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس نے بدنیتی کی بنیاد پر یہ غیر قانونی فیصلہ جاری کیا کہ سندھ میں ہونے والے مبینہ جرم کا ٹرائل پنڈی میں ہوگا، یہ شاید پاکستان کی تاریخ کی واحد مثال ہوگی کہ مبینہ جرم کسی ایک صوبے میں ہو اور ٹرائل کسی دوسرے صوبے میں۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری اور دیگر پی پی پی رہنماں کے ساتھ ہونے والی زیادتی آج بھی جاری ہیں اور اسکا ازالہ نہیں ہوا۔

ان مقدمات کی راولپنڈی سے کراچی منتقلی کا آصف علی زرداری کا کیس گذشتہ دو برس سے آج بھی سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے لہذا یہ کہنا کہ عمران نیازی نے پی پی پی کے پی ڈی ایم سے علیحدہ ہونے کے نتیجے میں آصف علی زرداری کے کیسز کراچی منتقل کرکے کوئی این آر او دیا ہے انتہائی مضحکہ خیز بات ہے۔ سعید غنی نے جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے والوں کو یاد دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کی خالق ہے اور اختلافات اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پر شروع ہوئے اور یوسف رضا گیلانی کی سینٹ میں قائد حزب اختلاف بننے پر شدید ہوگئے تھے۔ انہوں نے جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے والوں کو مزید یاد دلایا کہ عمران نیازی نے تحریک عدم اعتماد کے دوران آصف علی زرداری سے مدد لینے کی کوشش کی تھی، جو آصف علی زرداری نے مسترد کردی تھی۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں