آصف زرداری

آصف زرداری کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 9 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 9 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے انٹیلی جنس پر مبنی کاروائیوں کے دوران ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ صدر مملکت نے کاروائی کے دوران دہشتگردوں کے سرغنہ کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کاروائی کے دوران دہشت گردوں کے سرغنہ کو ہلاک کرنا سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کامیاب کاروائیاں کرنا خوش آئند ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔ صدر مملکت نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار بھی کیا۔