لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری و سابق سینئر وزیر حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب جمہوریت کی مضبوطی کی نشانی ہے،صدر آصف علی زرداری مشترکہ پارلیمان سے 8ویں بار خطاب کرنے والے پاکستان کے پہلے صدر ہیں ۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کھپے سے لیکر آج تک صدر زرداری نے پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا،پیپلزپارٹی نے پاکستان میں جمہوری رویوں کو پروان چڑھانے کے لیے کسی قسم کی قربانی سے کبھی دریغ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پارلیمانی نظام کو بچانے کے لیے غیر فطری اتحاد کے کڑوے گھونٹ پیے اورپیپلز پارٹی سیاست میں ہمیشہ مذاکرات کی بات کرتی نظر آئی ہے۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ مشکل حالات میں دہشت گردی سمیت اہم ایشوز پر اہل سیاست کا اتفاق رائے عوامی مفاد کے اشد ضروری ہے،پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پارلیمانی جموریت کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔