طارق فضل چودھری

آصف زرداری نے ملک کا پیسہ کھایا ہے تو حساب دینا ہوگا، طارق فضل چودھری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اگر ملک کا پیسہ کھایا ہے تو حساب دینا ہوگا۔

پیر کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے آصف زرداری کو کیوں چھوڑا ہوا ہے؟ انہوں نے کہا کہ سیاست کو سیاست رہنے دیا جائے تو بہتر ہے۔ ذاتی دشمنی سیاست پر مسلط نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بیانیہ پارٹی پر بوجھ نہیں ہوتا بلکہ یہ کسی بھی پارٹی کا نظریہ ہوتا ہے۔ طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے شہدا کو سلام کیا اور مرحلہ وار ان کی قربانیوں کا ذکر کیا، نواز شریف نے اداروں کی کارکردگی کی بات کی، تنقید نہیں کی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہمیں سوچ میں وسعت لانی چاہیے اور اپنا رویہ درست کرنا چاہیے، پاکستان سے سب محبت کرتے ہیں، غدار ی کی سند بانٹنے سے گریز کیا جائے۔ طارق فضل چودھری نے کہا کہ موجودہ حکومت بیچاری کٹھ پتلی ہے اس نے کیا کرنا ہے، ہم اپنا ہدف حاصل کرنے کے بعد دوبارہ جلسوں کی طرف آئیں گے۔