کینبرا(ر پورٹنگ آن لائن)آسٹریلیا نے غزہ کی حکمران حماس کومکمل طورپردہشت گرد تنظیم قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے تحت اسلامی تحریک مزاحمت کی مالی معاونت پر پابندیاں عاید کی جارہی ہیں اوراس میں اس کی تمام شاخوں کا احاطہ کیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق حکام نے بتایاکہ آسٹریلیا فلسطینی گروپ حماس کوایک دہشت گرد تنظیم کے طور پرپیش کرے گا۔اس میں اس کا سیاسی ونگ بھی شامل ہے۔اس طرح اب وہ برطانیہ، امریکا، اسرائیل اور دیگرممالک کی تقلید میں اس گروپ کی سیاسی شاخ کو بھی دہشت گرد قرار دے رہا ہے۔
آسٹریلوی وزیرداخلہ کیرن اینڈریوز نے حماس کے خیالات کو انتہائی پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا میں ان کے نفرت انگیزنظریات کی کوئی جگہ نہیں ہے۔اینڈریوزنے کہاکہ یہ بہت ضروری ہے کہ ہمارے قوانین نہ صرف دہشت گردی کی کارروائیوں اور دہشت گردوں کوہدف بنائیں بلکہ ان تنظیموں کو بھی نشانہ بنائیں جو ان کارروائیوں کی منصوبہ بندی اورمالی معاونت کرتی ہیں اور انھیں انجام دیتی ہیں۔