دفاعی معاہدہ 132

آسٹریلیا اورجنوبی کوریا کے درمیان ایک ارب ڈالر کاتاریخی دفاعی معاہدہ

کینبرا(ر پورٹنگ آن لائن)آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن اور جنوبی کوریا کے صدر مون جائے اِن نے ایک ارب آسٹریلوی ڈالر کے دفاعی معاہدے پر دستخط کردیئے ۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 برس مکمل ہونے کے موقع پر یہ معاہدہ ہوا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا اور آسٹریلیا نے پیر کے روز جنوبی کوریا کے صدر مون جائے اِن کے آسٹریلیا کے دورے کے دوران تقریبا 70 کروڑ امریکی ڈالر کے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ۔ معاہدے کے تحت جنوبی کوریا کی دفاعی کمپنی ہنوا آسٹریلوی فوج کو آرٹیلری ہتھیار، رسد مہیا کرنے والی گاڑیاں اور رڈار جیسے آلات فراہم کرے گی۔717 ملین امریکی ڈالر کا یہ معاہدہ آسٹریلیا کا کسی ایشیائی ملک کے ساتھ اب تک کا سب سے بڑا دفاعی معاہدہ ہے۔

اس موقع پر آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے کہاکہ آج ہم نے جس معاہدے پر دستخط کیے ہیں، میرے خیال سے، وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کوریا کی دفاعی صنعتیں کن صلاحیتوں کی مالک ہیں۔نئے دفاعی معاہدے سے آسٹریلیا میں 300 کے قریب نئی ملازمتوں کے بھی پیدا ہونے کا امکان ہے، جہاں ہنوا کمپنی کا ایک ڈویژن کام کرتا ہے۔اس دفاعی معاہدے پر اس وقت دستخط ہوئے جب جنوبی کوریا کے صدر مون دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر آسٹریلیا کے چار روزہ دورے پر ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے جنوبی کوریا اور آسٹریلیا کے درمیان باضابطہ روابط کو ”ایک جامع اسٹریٹیجک شراکت داری”میں بھی اپ گریڈ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

آسٹریلیا میں ہوتے ہوئے بھی جنوبی کوریا کے صدر مون نے امریکا اور آسٹریلیا کے خلاف چین کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا اور 2022 میں بیجنگ میں ہونے والے سرمائی اولمپک کھیلوں کی امریکا کے سفارتی بائیکاٹ میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔انہوں نے خطے میں امن کو فروغ دینے میں بیجنگ کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے چین کی تعمیری کوششوں کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں