اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں دانش اسکولز کی تعمیر پر کام کو تیز کیا جائے،دانش اسکولز یونیورسٹی میں عالمی معیار کے جدید علوم کی تعلیم پر توجہ مرکوز کی جائے.
دانش اسکولز اور دانش یونیورسٹی کی تعمیر میں ڈیجیٹل اور جدید کلاس رومز پر زیادہ سرمایہ کاری کی جائے، بطور خادم پاکستان قوم کے بچوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت اپنی اولین ذمہ داری سمجھتا ہوں،دانش اسکولز میں اساتذہ کو بہترین پیکیج فراہم کیا جائے،اساتذہ اور اسٹاف کی بھرتیوں میں شفافیت اور میرٹ کو مرکزی اہمیت دی جائے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک بھر میں دانش اسکولز اور اسلام آباد میں دانش اسکولز یونیورسٹی کی تعمیر کے حوالے سے پیش رفت پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی، چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، چیف کوارڈینیٹر مشرف زیدی، متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.
چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز و نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ دانش اسکولز میں اساتذہ کو بہترین پیکیج فراہم کیا جائے،اساتذہ اور اسٹاف کی بھرتیوں میں شفافیت اور میرٹ کو مرکزی اہمیت دی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں دانش اسکولز کی تعمیر پر کام کو تیز کیا جائے،دانش اسکولز یونیورسٹی میں عالمی معیار کے جدید علوم کی تعلیم پر توجہ مرکوز کی جائے۔
شہبازشریف نے کہاکہ اللہ کے فضل و کرم سے پنجاب میں دانش اسکولز کی صورت جو پودا لگایا تھا وہ تناور درخت بن چکا۔ شہبازشریف نے کہاکہ غریب و متوسط طبقے کے سینکڑوں طلباء دانش اسکولز سے فارغ التحصیل ہوکر دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کو لوہا منوا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ دانش اسکولز سے معاشی طور پر کمزور طبقے کے بچوں کی خدمت کا جو خواب دیکھا، اللہ کے بے پایاں فضل سے وہ شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پورے ملک میں دانش اسکولز کے قیام سے ہزاروں بچے مستفید ہونگے۔
انہوںنے کہاکہ ہر طبقے کو اعلی تعلیم و تربیت کے یکساں مواقع کی فراہمی کیلئے ہمیشہ کوشاں رہونگا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کْری اسلام آباد میں دانش اسکول کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہے جس کو راوں برس کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا. گلگت بلتستان میں سلطان آباد، گھانچے اور استور میں دانش اسکولز کی تعمیر پر بھی کام تیزی سے جاری ہے جن پر کام آئندہ برس مکمل کر لیا جائے گا. آزاد کشمیر میں باغ اور بھمبر میں دانش اسکولز پر کام شروع ہوچکا جبکہ شاردہ، نیلم میں دانش اسکول کا پیـسی ون منظور ہوچکا اور تعمیری کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان میں سبی، موسی خیل، ڑوب، قلعہ سیف اللہ اور ڈیرہ بگٹی میں دانش اسکولز کا پیـسی ون منظور ہو چکا جبکہ حب میں دانش اسکولز کی تعمیر کی فیزیبلٹی پر کام جاری ہے. اجلاس کو بتایا گیا کہ چترال، کراچی اور ٹنڈو محمد خان میں دانش اسکولز کی تعمیر کیلئے زمین کا انتخاب ہوچکا ہے جبکہ انکی فیزیبلٹی اور دیگر اقدمات پر کام تیزی سے جاری ہے. اجلاس کو ایبٹ آباد اور وزیرِستان میں دانش اسکولز کی تعمیر کی تجاویز اور راجن پور میں یونیورسٹی کے حوالے سے پیش رفت پر بھی آگاہ کیا گیا۔
دانش اسکولز یونیورسٹی پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی کی ٹیکنو فیزیبلٹی پر کام تیزی سے جاری ہے جسے جولائی کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ ماسٹرپلان، ڈیزائن اور تعمیر کیلئے 12 بین الاقوامی فرمز میں سے 7 درکار معیار پر پوری اتری ہیں اور پرکیورمنٹ کمیٹی اسکو حتمی شکل دے رہی ہے. عالمی معیار کے ڈگری پروگرامز، داخلوں کی تفصیلات اور الائیڈ سہولیات کو حتمی شکل دی جارہی ہے. وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ دانش اسکولز یونیورسٹی میں عمارتوں کو سادہ جبکہ کلاس رومز میں جدید سافٹ ویئر، ڈیجیٹل ایکویپمنٹ، جدید لیبز اور عصر حاضر کی ٹیکنالوجی پر سرمایہ کاری کو مرکزی اہمیت دی جائے۔