لاہور (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے آزادجموں وکشمیر کے عوام کے شعور اوروالہانہ جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آزاد جموں وکشمیر کا الیکشن باشعور کشمیریوں کے محمد نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا تاریخی فیصلہ ہوگا ۔آزادجموں وکشمیر کے عوام کے لئے نوازشریف کی قیادت میں تعمیر، ترقی، خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے ، انشاء اللہ آزادجموں وکشمیر میں موٹرویز، تعلیم وصحت اور عوام کی ترقی کے مثالی منصوبے لائیں گے،اللہ تعالی کے کرم سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کشمیر کے عوام نے تاریخی محبت کا اظہار کیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ کامیاب الیکشن مہم پر پاکستان مسلم لیگ (ن)کے تمام رہنمائوں، کارکنان اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔آزاد جموں وکشمیر کے عوام باشعور اور اہل بصیرت ہیں، ووٹ کی طاقت سے اپنے حقوق کی حفاظت کریں گے ۔
پاکستان کے عوام کو مایوس اور مجبور کرنے والے آزادجموں وکشمیر کے عوام کو کچھ نہیں دے سکتے ۔نوازشریف کی قیادت میں جس طرح پنجاب سمیت پورے ملک کو ترقی دی، آزادکشمیر کے عوام کو بھی ان کا حصہ دیں گے ۔انہوںنے کہاکہ آزادجموں وکشمیر کے عوام کا ولولہ، کارکنان کا بے مثال جذبہ اور ووٹرز کا جوش وخروش شیر کی فتح نوید ہے ،جس بڑے پیمانے پر عوام اور حلقوں کے لوگوں نے مسلم لیگ (ن) کے جلسوں میں شرکت کی، اس پر خاص طورپر شکریہ ادا کرتا ہوں ۔آزاد کشمیر کے لوگوں نے نوازشریف سے جس والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے، اس کا شکریہ خطے میں تاریخی ترقی سے اداکریں گے ۔آزاد جموں وکشمیر کے عوا م الیکشن ڈے پر گھروں سے نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں ،اللہ تعالی آپ کو فتح سے ہمکنار فرمائے گا، مائیں، بہنیں، بیٹیاں، نوجوان اور بزرگ ووٹ ڈالنے کے لئے گھروں سے نکلیں ۔3 سال میں پاکستان اور 8 سال میں خیبرپختونخوا کے عوام کو ستانے والوں کو ووٹ کے ذریعے کشمیر سے چلتا کریں ۔شیر کو ووٹ دینے کا مطلب، مقبوضہ جموں وکشمیر، آپ کے حقوق کایقینی تحفظ اور ترقی کی ضمانت ہے۔