اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہاہے کہ آزادی صحافت جمہوریت، شفاف حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے،حکومت صحافیوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ تربیت کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، ایک ذمہ دار اور باخبر میڈیا ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
عالمی یوم صحافت پر اپنے پیغام میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ آزادی صحافت جمہوریت، شفاف حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے۔ وزیر عطاء تارڑ اللہ نے کہاکہ پاکستان میں میڈیا نے جمہوریت کے استحکام، قانون کی بالادستی اور عوامی شعور کی بیداری میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستانی میڈیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بربریت، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کو اجاگر کرنے میں موثر کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے اور مظلوموں کی آواز عالمی فورمز تک پہنچانے میں صحافی برادری نے جراتمندانہ کردار ادا کیا۔ عطاء تارڑ نے کہاکہ یہی وہ آزاد اور باشعور صحافت ہے جو انسانی ہمدردی اور حق گوئی کی اصل ترجمان ہوتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے بھارتی جارحانہ اقدامات پر میڈیا کے محتاط، ذمہ دارانہ اور قومی مفادات کو مقدم رکھنے کے رویئے کو سراہا۔ عطاء تارڑ نے کہاکہ پاکستان کا میڈیا ریاستی موقف کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کر رہا ہے جو قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور قومی وحدت کے لئے نہایت اہم ہے۔ عطاء تارنے کہاکہ حکومت پاکستان آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے۔
انہوںنے کہاکہ میڈیا کے تمام اداروں کو اپنا پیشہ ورانہ فریضہ آزادانہ طور پر انجام دینے کا حق حاصل ہے، آزادی اظہار رائے اور معلومات تک رسائی کسی بھی جمہوری معاشرے کی پہچان ہے۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ حکومت صحافیوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ تربیت کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوںنے کہاکہ ایک ذمہ دار اور باخبر میڈیا ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے، حکومت آزادی صحافت کو یقینی بنانے اور میڈیا اداروں کے ساتھ تعمیری مکالمہ جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔