اوکاڑہ (شیر محمد)ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت مرکزی صدر سید شفقت حسین گیلانی منعقد ہوا۔
لاہور میں منعقد ہونے والے اجلاس میں تمام مرکزی و صوبائی عہدیداران اور ممبران سی ای سی نے شرکت کی۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ علاقائی صحافیوں کو درپیش مسائل کے پیش نظر آر یو جے پاکستان 5 نومبر کو پشاور سے کراچی تک ٹرین مارچ کریگی۔جس کے مکمل شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔
علاقائی صحافیوں کا قافلہ 5 نومبر کو پشاور سے راولپنڈی تک آئے گا،6 نومبر کو راولپنڈی سے لاہور تک،10 نومبر کو لاہور سے ملتان تک،11 نومبر کو ملتان سے رحیم یار خان تک،12 نومبر کو رحیم یار خان سے نواب شاہ تک اور 13 نومبر کو نواب شاہ سے کراچی تک جائے گا۔ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان نے ٹرین مارچ کے لیے 10 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ جاری کردیا ہے۔
مرکزی صدر سید شفقت حسین گیلانی نے کہا ہے کہ مسائل سے نکلنے کے لیے جدو جہد ہی واحد راستہ ہے،ٹرین مارچ علاقائی صحافیوں کے ساتھ یکجیتی کے لیے کیا جارہا ہے،75 سالوں میں علاقائی صحافیوں نے اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے کبھی کوئی منظم تحریک نہیں چلائی .
جس وجہ سے علاقائی صحافی آج مسائل میں دھنس چکے ہیں انشاء اللہ مسائل سے نجات کے لیے آر یو جے پاکستان نے تحریک کا آغاز کردیا ہے،اپنی بقاء اور وقار کے لیے ملک بھر کے علاقائی صحافیوں کو آر یو جے پاکستان کی اس تحریک کا حصہ بنیں تاکہ حکومت کو بتایا جاسکے کہ علاقائی صحافی اپنا الگ وجود رکھتے ہیں۔