اوکاڑہ
( شیر محمد)ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال محبوب رشید کی زیرِ صدارت طیب سعید شہید پولیس لائنز اوکاڑہ کے غیور ہال میں انسدادِ جرائم اور امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ڈی ایس پی ٹریفک اور دیگر افسران نے شرکت کی
ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے اجلاس میں ضلع بھر کے کرائم کنٹرول، سنگین مقدمات اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں سنگین جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ خطرناک گینگز اور مجرمان کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں۔
آر پی او محبوب رشید نے زیرِ تفتیش قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات کو جلد از جلد یکسو کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہائی کورٹ سے ضمانتیں خارج ہونے والے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ کرشنگ سیزن سے قبل ٹریفک کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کے لیے ڈی ایس پی ٹریفک اور ڈی ایس پی پی ایچ پی کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں جبکہ ڈی ٹی او کو مہلک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس فوری معطل کرنے کا حکم دیا گیا۔
آر پی او نے کہا کہ تفتیشی عمل میں شفافیت اور میرٹ اولین ترجیح ہے، اس لیے تبدیلیٔ تفتیش میں حقائق کو مدنظر رکھا جائے۔ ایس ایچ اوز کو ای ضمنی کے اندراج کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
مزید برآں، ای گیجٹ ایپ، ای پولیس پوسٹ ایپ اور سمارٹ آئی کے بھرپور استعمال پر زور دیا گیا تاکہ پولیس کارکردگی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
آر پی او محبوب رشید نے کھلی کچہریوں میں موصول ہونے والی شہری شکایات کے بروقت ازالے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔