ممبئی (ر پورٹنگ آن لائن) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گزشتہ روز ممبئی کے ساحل کے قریب موجود ایک کروز جہاز سے منشیات قبضے میں لینے کے بعد گرفتار کرلیا تھا۔تاہم اب بالی ووڈ کے ستارے جن میں سنیل شیٹی، سوچترا کرشنامورتھی اور دیگر شامل ہیں، نے اس پر اپنے ردعمل کا اظہا کرتے ہوئے شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے آریان خان کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔اس حوالے سے اداکار سنیل شیٹی نے میڈیا سے کہا کہ وہ فوری طور پر کسی نتیجے پر نہ پہنچیں بلکہ سچ کو سامنے آنے دیں، اس بچے کو موقع دیں کہ وہ اپنی صفائی پیش کرسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس بچے کا خیال رکھیں۔گلوکارہ سوچترا کرشنامورتھی نے ٹوئٹر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شاہ رخ خان کے لیے اپنے بھرپور تعاون اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ والدین کے لیے سب سے سخت وقت اپنے بچے کی تکلیف ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میری تمام دعائیں اور ہمدردیاں شاہ رخ کے ساتھ ہیں۔