لاہور(رپورٹنگ آن لائن)معروف اداکارو ہدائتکار نسیم وکی نے ایک ملاقات کے دوران بتایاکہ میں ایک آرٹسٹ ہوں میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ایک سوال کے جواب میں نسیم وکی نے بتایاکہ کچھ لوگوں نے میرے نام سے فیس بک اور ٹویٹر اکاؤنٹ بنا رکھے ہیں جن سے وہ حکومت مخالف بیانات شئیر کرتے ہیں جو کہ غلط ہوتے ہیں میرا ان بیانات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
نسیم وکی نے کہاکہ آرٹسٹ صرف اپنے فن کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے اس نے پوری دنیامیں اپنے ملک کی نمائندگی کرنی ہوتی ہے کسی سیاسی جماعت کی نہیں کیونکہ سیاسی جماعت تو پانچ سال بعد تبدیل ہوجاتی ہے مگر آرٹسٹ نے اپنی زندگی تک رہنا ہو تا ہے اس لیئے اس کی کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستگی نہیں ہوتی اگر وہ سیاست میں حصہ لے گا تو اس کا سارا فنی کیرئیر ختم ہوجائیگا ۔
نسیم وکی نے مذید کہاکہ انشاء اللہ وہ جلد ان فیک اکاؤنٹس کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم جارہے ہیں تاکہ ان اکاؤنٹس کو فوری بند کیا جائے اور ان ناعاقبت اندیش لوگوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے جو اس طرح کی حرکتیں کرکے ہمارا نام اور ساکھ خراب کررہے ہیں۔