کامران ٹیسوری

آرمی چیف کے ہوتے بھارت، پاکستان پر میلی نگا ہ ڈالنے کی جرات نہیں کر سکتا، گورنر سندھ

استنبول (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آرمی چیف سید حافظ عاصم منیر کے ہوتے بھارت پاکستان پر میلی نگاہ ڈالنے کی جرات نہیں کرسکتا،ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کے شہر استنبول میں استحکام پاکستان کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے پر جوش خطاب کرتے ہوئے کیا۔ استنبول میں پاکستانی کمیونٹی نے افواج پاکستان اور آرمی چیف کے حق میں پرجوش نعرے لگائے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ آبی دہشتگردی کی تو بھارت میں آگ کا دریا، خون کا سمندر بہا دیں گے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 1965ء بھول گیا ہے.

اس نے اس قوم کو للکارا ہے جس نے کلمے کے نام پر ملک حاصل کیا، یہ قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، افواج پاکستان اکیلی نہیں اسکے ساتھ پچیس کڑور عوام بھی کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زمہ دار ریاست ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسی ہزار شہادتیں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی گجرات کا قصاب ہے ، اسکے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں ،چاہے بلوچستان کی دہشت گردی ہو یا پھر کے پی کے ہو یا پھر مقبوضہ کشمیر ، بھارت نے قتل و غارت گری ہی کی ہے۔

بھارت عالمی دہشت گرد ہے اور اس کا ثبوت کینیڈین حکومت اور امریکی ریاست ہے جنھوں نے کہا تھا کہ بھارتی دہشت گرد انکے ملکوں میں دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بھارت اس خطے کے امن کو خراب کررہا ہے، ہم وہ قوم ہیں جو بھارت کے سامنے 1947ء سے سینہ تان کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں ، سکھوں اور بھارت میں رہنے والے چھوٹے طبقے کی زندگی جہنم بنا کر رکھی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ یک طرفہ معاہدہ نہیں جسے بھارت اکیلا ختم کردے ، یہ دو ملکوں کا معاہدہ ہے جس کا ضامن عالمی بنک ہے ، یہ یکطرفہ فیصلوں سے نہ ختم ہوسکتا ہے نہ اس میں مرضی سے کوئی ترمیم کرسکتا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تم پیار سے بات کرو گے تو ہم بھی پیار دکھائیں گے ، اگر تم آنکھیں دکھائو گے تو ہم آنکھیں نکال لیں گے ، ہم دشمن کو گرانا بھی جانتے ہیں اور گرا کر معافی مانگنے والے کو چائے پلانا بھی جانتے ہیں۔