باکو (رپورٹنگ آن لائن)آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا ہے کہ ان کا ملک اپنی سرحدوں سے باہر بشمول غزہ کسی بھی امن مشن میں فوجی دستہ بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔آذربائیجانی ٹی وی چینلز کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر علیوف نے بتایا کہ آذربائیجان نے غزہ میں مجوزہ امن فورس یعنی انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس (آئی ایس ایف) کے حوالے سے سوالات کی ایک فہرست امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو بھجوائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے 20 سے زائد سوالات پر مشتمل ایک سوال نامہ تیار کر کے امریکی حکام کو دیا، تاہم امن فورس میں شرکت کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے، میں آذربائیجان سے باہر کسی بھی قسم کی عسکری کارروائی میں شرکت پر غور نہیں کر رہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ نومبر میں آذربائیجان کی حکومت کے ذرائع نے کہا تھا کہ جب تک اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی مکمل طور پر بند نہیں ہوتی، آذربائیجان ایسی کسی کارروائی کے لیے فوج فراہم نہیں کرے گا۔









