بابر اعظم

آخری سیشن میں کیچز چھوڑنے کا خمیازہ بھگتنا پڑا،بابر اعظم

جمیکا (ر پورٹنگ آن لائن ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ آخری سیشن میں کیچز چھوڑنے کا خمیازہ بھگتنا پڑا،لڑکوں نے جیت کے لیے سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کیا،پہلی اننگز میں جلدی وکٹیں گنوانے کے باوجود ہم نے کم بیک کیا،اگلے میچ میں ہمارے باؤلرز مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک بہت اچھا میچ ہوا،دونوں ٹیموں نے اچھا مقابلہ کیا ،میچ کا کوئی بھی دن ایسا نہیں تھا کہ سارا دن ایک ہی ٹیم حاوی رہے،

یہی ٹیسٹ کرکٹ کی خوبصورتی ہے ،آخری سیشن میں کیچز چھوڑنے کا خمیازہ بھگتنا پڑا،اہم مواقع پر کیچ چھوڑنے سے میچ کا نقشہ بدل جاتا ہے،اس ٹیسٹ کے آخری سیشن میں ہمارے ساتھ بھی یہی ہوا،ہم نے اس ٹیسٹ میچ میں کئی مشکل کیچز بھی پکڑے،مگر یہ کیچ چھوڑنے کا بہانہ نہیں ہوسکتا۔

انہوںنے کہاکہ لڑکوں نے جیت کے لیے سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کیا،پہلی اننگز میں جلدی وکٹیں گنوانے کے باوجود ہم نے کم بیک کیا،ہمیں مختلف مواقع پر مومنٹم ملا مگر ہم اسے برقرار نہیں رکھ سکے ،ہمارے باؤلرز نے بہت اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا،شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور محمد عباس کی باؤلنگ سے مطمئن ہوں،پرامید ہوں کہ اگلے میچ میں ہمارے باؤلرز مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے