محمود اسلم

آج کے دور میں لوگ گھٹن کا شکارہیں ،کامیڈی کو بھی ڈرامے کا حصہ ہونا چاہیے ‘ محمود اسلم

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سینئر اداکار محمود اسلم نے کہا ہے کہ آج کے دورمیں جنجال پورہ او ربلبلے جیسے پراجیکٹ پیش کرنے کی ضرورت ہے ،لکھنے والوںکو یہ سوچنا چاہیے کہ ایک ہی طرح کے ڈرامے دکھائے جانے کی وجہ سے عوام یکسانیت کا شکار ہو رہے ہیں ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ مجھے اصل شہرت پی ٹی وی لاہور سنٹر سے ملی جہاں میں نے بے شمار ڈرامہ سیریلزمیں اداکاری کی اور پرستاروں نے مجھے بے حد پذیرائی دی ۔

انہوںنے کہا کہ آج کے دور میں لوگ گھٹن کا شکارہیں اس لئے کامیڈی کو بھی ڈرامے کا حصہ ہونا چاہیے ،جنجال پورہ میرے پسندیدہ ڈراموں میں سے ایک ہے ،جس میں اصلاح کے ساتھ ساتھ کامیڈی شامل تھی اور لوگ اس ڈرامے کے سحر میںمبتلا ہو گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز کو بلبلے جیسے سیٹ کام دکھانے چاہئیں تاکہ لوگ کچھ دیر کے لئے اپنی پریشانیوں کو بھول کر ذہنی سکون اوراطمینان حاصل کر سکیں۔