لاہور (رپورٹنگ آن لائن) ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آج پنجاب کے چپے چپے میں فنڈز اور ترقیاتی منصوبوں کی یکساں تقسیم ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عثمان بزدار ترقی سب کے لیے کے نعرے پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی، لاہور ہو یا کوہ سلیمان، ہر جگہ ضروری ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، فورٹ منرو کے لیے تقریبا 90 کروڑ سے آٹھ منومصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد اس سلسلے کی کڑی ہے۔
ترجمان حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ فورٹ منرو واٹر سپلائی، ریسکیو سٹیشن، اسکولوں اور ریزارٹ اپ گریڈیشن، سڑکوں کی تعمیر شامل ہیں، اسی طرح راولپنڈی کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے ڈھڈوچہ ڈیم کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے، تکمیل کے بعد یہ ڈیم روزانہ 35 ملین گیلن صاف پانی راولپنڈی کے شہریوں کو مہیا کرے گا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بحالی اور فعال ہونے سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہو سکے گی، بزدار حکومت کا نعرہ، سارا پنجاب ہمارا کی بنیاد پر ہے۔ ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ اب کسی علاقے یا کسی ضلع کے ساتھ وسائل کی تقسیم پر زیادتی نہیں ہو گی۔