حسان خاور

آثار قدیمہ یونیورسٹیوں کے طلبا کے ساتھ ملکر مختلف اسائنمنٹس پر کام کرے گی، حسان خاور

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ آثار قدیمہ یونیورسٹیوں کے طلبا اور اساتذہ کے ساتھ مل کر مختلف اسائنمنٹس پر کام کرے گی۔

معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب حسان خاور نے محکمہ آثار قدیمہ کے اعلی سطحی اجلاس میں اہم منصوبوں پر پیش رفت لی۔ اجلاس میں ڈی جی آرکیولوجی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی اور پنجاب کی 70 میں سے 32 آثار قدیمہ کے مقامات کی بہتری کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

حسان خاور نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آثار قدیمہ کی یادگاریں دیکھنے آنے والوں کیلئے ڈیجیٹل سہولیات دینا ہوںگی اور تاریخی ورثہ میں داخل ہوتے ہی کیو آر کوڈنگ اور میپنگ کی سہولت دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے لیے یہاں کلچرل فیسٹیولز کروائے جائیں، اجوکا تھیٹر کچھ مقامات پر اپنے ڈرامے پیش کر سکتا ہے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا کہ لوگوں کی سہولت کیلئے نجی سیکٹر کو بھی شامل کرنا ہوگا، محکمہ آثار قدیمہ ٹی ڈی سی پی کے ساتھ مل کر سیاحوں کے لیے معلوماتی تفریح کا بندوبست کرے۔

انکا کہنا ہے کہ آثار قدیمہ یونیورسٹیوں کے طلبا اور اساتذہ کے ساتھ مل کر مختلف اسائنمنٹس پر کام کرے گی، تاریخی مقامات پر مختلف سرگرمیوں کے انعقاد سے لوگوں میں تاریخ کے حوالے سے شعور پیدا ہو گا۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ تفریحی اور معلوماتی تقاریب کے حوالے سے ایکشن پلانز جلد از جلد دیئے جائیں جبکہ پنجاب میں موجود تاریخی ورثہ کو شدت کے ساتھ لوگوں کو دکھایا جائے گا۔