لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آئی جی پنجاب انعام غنی نے زمینوں پر ناجائز قبضہ کرنے والے گروپس اورافراد کے خلاف آپریشن کیلئے فہرستیں تیار کرنے کا حکم دیدیا ،سی سی پی او لاہور، تمام آرپی اوز اور ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کو بھجوائے گئے مراسلہ سرکاری اور پرائیویٹ زمینوں پر قبضہ کرنے والے مافیاز اور افراد کی فہرستیں 28اکتوبر تک سنٹرل پولیس آفس بھجوانے کے احکامات دئیے گئے ہیں ۔
آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ قبضہ مافیاز کی سرپرستی کرنے والے سرکاری یا ریٹائرڈ افسران کے نام بھی فہرست میں شامل کئے جائیں۔ کھلے عام یا مخفی طور پر اپنے عہدہ و اختیارات سے قبضہ مافیاکی معاونت کرنے والے افسران کے نام بھی فہرست میں شامل کئے جائیں۔
قبضہ گروپس کے نام، کوائف اور دیگر تفصیلات پر مبنی مکمل فہرستیں 28اکتوبر تک سنٹرل پولیس آفس بھجوا نے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ قبضہ گروپس کے ماضی کے کریمنل ریکارڈاور قبضے کا طریقہ(کمرشل، رہائشی یا زررعی زمین پر قابض)کی تفصیل بھی فہرست کا حصہ ہو۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ قبضہ گروپس کے سرکاری افسران کے ساتھ تعلق یا شراکت داری کی تفصیل بھی فہرست میں درج ہونی چاہیے ۔ قبضہ گروپس کے بظاہرپیشہ/بزنس،ٹیلی فون نمبرزسمیت تمام ممکنہ تفصیلات کو ریکارڈ میں شامل کیا جائے۔