لاہور( رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی جیل خانہ جات کو ملزمان کی ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے کے ذمہ داری کے تعین سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے ڈکیتی کے ملزم محمد عاشق عرف عاشقی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔ دوران سماعت آئی جی جیل خانہ جات ، ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل رانا تصور حسین ،جیل سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل اعجاز اصغر اور دیگر افسران پیش ہوئے ۔
عدالتی استفسار پر آئی جی جیل خانہ جات نے عدالت کو بتایا کہ جیل انتظامیہ کی ذمہ داری ٹرائل کورٹ پیشی کے لئے ملزمان کوپولیس کے حوالے کرنے کی ہے، ملزمان ٹرائل کورٹ پیش کرنا پولیس گاردکی ذمہ داری ہے.
اگر پولیس گارڈملزم کوٹرائل کورٹ میںپیش نہیں کرتی تو وہ ذمہ دار ہے۔ عدالت نے آئی جی جیل خانہ جات سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی ۔









