لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ قابل مذمت ہے ۔ پٹرول 8.36روپے اور ڈیزل 10.39روپے فی لیٹر مہنگا ہونے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا ۔ملک کے اندر پہلے ہی غریب آدمی زندہ درگور ہو چکاہے ۔
کوئی پرسان حال نہیں۔ تاریخ کے نا اہل ترین حکمران ملک وقوم پر مسلط ہیںجن سے خیر کی کوئی امید نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی دفتر منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پروٹیکٹڈ یونٹس کے نام پر جو کھیلوا ڑ قوم کے ساتھ کیا جار ہا ہے وہ شرمناک ہے ، سلیب سسٹم کا خاتمہ کیا جائے تاکہ غریب عوام کو بھی کچھ ریلیف میسر ہو ۔
آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی کے بلوں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے ذریعے وصول ہونے والا پیسہ ،صرف حکمرانوں کے اللوں تللوں پر خرچ ہو ر ہا ہے ۔ واپڈا میں پالیسی ساز خود فری یونٹس کے مزے لے رہے ہیں وہ کیسے غریب عوام کے بارے میں سوچیں گئے ۔انہوں نے کہا کہ بجٹ کے فوراً بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے حکومت نے عوام کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروباری طبقے کو بھی پریشان کر دیا ہے ۔
کاروبار پہلے ہی بجلی کے نرخوں، ٹیکسوں اور معاشی بے یقینی کا شکار ہیں۔ حکومت عوام کے صبر کا امتحان نہ لے۔اس سے نہ صرف افراطِ زر کے دباؤ میں اضافہ ہوگا بلکہ کاروبار کرنے کی لاگت میں بھی اضافہ ہوگا جو خطے میں پہلے ہی بہت زیادہ ہے۔
محمد جاوید قصوری نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی اندرونِ اور بیرونِ ملک طلب انتہائی کم ہو چکی ہے ، بڑھتی ہوئی مہنگائی نے مقامی صارفین کی قوتِ خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے، جبکہ غیر ملکی اور علاقائی مارکیٹس کے لیے مقامی مصنوعات غیر مسابقتی بن چکی ہیں۔ حکمرانوں کے پاس کسی قسم کا کوئی معاشی پلان نہیں۔