اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وسابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لیے مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں میاں رضا ربانی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ اقتصادی پیکج میں بہت دیر ہو چکی ہے، یہ پیکج ٹوٹتی ہوئی حکومت کو بچانے کی کوشش ہے۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا جو ریکارڈ بلندی پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لیے مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے، حکومت کے پاس آئی ایم ایف کے سامنے کھڑے ہونے کی سیاسی قوت نہیں تھی۔ سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گزشتہ روز نپرا نے 5.95 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی اور حکومت نے بجلی کی قیمت میں پانچ روپے کمی کی منظوری دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیپرا کی سمری منظور ہونے پر عوام کو بجلی کی قیمت میں ریلیف صفر ہوجائے گا۔