بلال اظہر کیانی

آئی ایم ایف وفد صرف پی ٹی آئی نہیں ،پاکستان کی تمام جماعتوں کو مل رہا ہے’ بلال اظہر کیانی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی نے رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر کے ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم کا معاہدہ کیا توڑا خلاف ورزی کی معاہدہ معطل کیا اور آئی ایم ایف سے ملاقات کا جشن صرف آپ جیسے سازشی جھوٹے اور بے شرم منا سکتے ہیں ۔

انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم سب سیاسی جماعتوں کو مل رہی ہے اور کل پی پی پی کو مل چکی ہے ، آئی ایم ایف کے ٹیم پاکستان تحریک ِ انصاف کو خاص طور پہ اِس لئے مل رہی کہ اب دوبار معیشت کے ساتھ کوئی کھیل نہ کھیلنا کوئی سازش نہ کرنا کوئی خط نہ لکھنا ، اِس لئے مل رہی ہے کہ کوئی سازش کر کے اب ملک کو ڈیفالٹ کی طرف نہ دھکیلنا ، عمران خان اور ا س کی نالائق ٹیم آئی ایم ایف پروگرام کے خلاف کوئی نئی سازش نہ کرے ۔

آئی ایم ایف وفد صرف آپ سے ہی نہیں بلکہ پاکستان کی تمام جماعتوں کو مل رہا ہے ۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ عمران خان کو آئی ایم ایف وفد کو بتانا چاہیے کہ خود معاہدہ کرکے اس کی خلاف ورزی کیوں کی تھی اور جان بوجھ کر ملک کو ڈیفالٹ کی طرف کیوں دھکیلا تھا، ملاقات میں آئی ایم ایف پروگرام کے خلاف کوئی نئی شرارت نہ کرنا، یہ ملک کے خلاف آپ کی ایک اور سازش ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بڑی مشکل سے پاکستان میں معاشی استحکام واپس آرہا ہے، معاشی بحالی کی امید پھر پیدا ہوئی ہے ، ملک کو معاشی طورپر مضبوط ہونے دو، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت میں کمی لانے دو۔