بلاول بھٹو

آئی ایم ایف سے ڈیل کا بوجھ عام آدمی اٹھائے گا، بلاول بھٹو

سرگودھا (رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے ڈیل کا بوجھ عام آدمی اٹھائے گا، ہم نے پہلے دن سے کہا تھا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل ٹھیک نہیں ہے، ہم نے ان کو پہلے دن سے ہی سلیکٹڈ حکومت کہا تھا ، سلیکٹڈ حکمران نے پچاس لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا ، اس ظالم نے غریبوں سے چھت ہی چھین لی ہے، تجاوزات کے نام پر ملک بھر میں غریبوں کے سر سے چھت چھینی گئی، کٹھ پتلی وزیراعظم نے روزگار بھی چھینا ہے۔

اتوار کو سرگودھا کی تحصیل سیال شریف میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نعیم الدین سیالوی کوپیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی قائد عوام اور شہید بے نظیر بھٹو کی جماعت ہے، قائد عوام اور شہید رانی نے وقت کے آمروں کے خلاف آواز بلند کی، ہم اس ملک کے عوام کی خدمت کےلئے سیاست کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ضیاءالحق اور پرویز مشرف کا مقابلہ کیا، آئی ایم ایف سے ڈیل کا بوجھ عام آدمی اٹھائے گا، ہم نے پہلے دن سے کہا تھا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل ٹھیک نہیں ہے، ہم نے ان کو پہلے دن سے ہی سلیکٹڈ حکومت کہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم 27فروری کو اس نالائق حکومت کے خلاف نکلیں گے، اب ہم اس سلیکٹڈ کے خلاف اعلان جنگ کر چکے ہیں، سلیکٹڈ حکمران نے پچاس لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا جبکہ انہوں نے کرپشن سے نجات دلانے کا بھی وعدہ کیا تھا، کیا ہوا ان کے وعدوں کا؟پچاس لاکھ گھر بنانا اور ایک کروڑ نوکریاں دینا تو دور کی بات ہے بلکہ اس ظالم نے غریبوں سے چھت ہی چھین لی ہے، تجاوزات کے نام پر ملک بھر میں غریبوں کے سر سے چھت چھینی گئی، کٹھ پتلی وزیراعظم نے روزگار بھی چھینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں کسان سراپا احتجاج ہیں، کسانوں کو فصل کی پوری قیمت نہیں مل رہی، کھاد کے بحران کے باعث کسان پریشان ہیں، ان ناکام حکومت نے ملک کی زراعت کو تباہ کیا ہے، زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، جس کی وجہ سے حکومت نے ہماری ریڑھ کی ہڈی کو نقصان پہنچایا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ڈلیور کیا ہے اور عوام کو مشکل سے نکالا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام کی تنخواہوں میں اضافہ کیا اور ان کی پنشن بڑھائی جبکہ اس ظالم حکومت کے دور میں مہنگائی میں اضافہ تو ہوتا ہے لیکن عوام کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوتا، ملک میں جمہوریت اور انسانی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں، اس لئے ہم نے سندھ اور بلوچستان سمیت سب شہروں سے کسانوں کے ساتھ ریلی نکالی، ہمارے کسانوں کو معلوم ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں کسانوں کی خدمت ہوتی تھی، ہم نے اپنے دور میں پنشن کے ذریعے اور تنخواہیں بڑھا کر مہنگائی کا مقابلہ کیا، اس نالائق حکومت نے عوام کےلئے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں تو اس وجہ سے عمران خان کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، کرپشن کرپشن کہہ کہہ کر عمران خان نے آپ کے کان پکا دیئے ہیں،میں حکومت کے کونے کونے میں جاﺅں گا اور سب کو بتاﺅں گا کہ عمران خان کو حکومت سے نکالنا ہے کیونکہ اب وقت آ گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو پارلیمان سے نکالا جائے، ملک میں تبدیلی کے نام پر تباہی آئی ہے، ملک کا پورا طبقہ پریشان حال ہے، اب ہم عوام کو ان کی پریشانی سے نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غریب خواتین کےلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام لائے، ہم نے عوام کی تنخواہ اور پنشن میں اضافہ کیا تھا جبکہ مجودہ دور حکومت میں تنخواہ اور پنشن میں اضافہ نہیں ہوا، عوام ساتھ دے تو عمران خان کو چھپنے کا موقع نہیں ملے گا، ہم سب نکلیں گے اور کٹھ پتلی وزیراعظم کو گھر بھیجیں گے، ہم اب ان کے مزید جھوٹ نہیں سنیں گے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق موجودہ دور حکومت میں زیادہ کرپشن ہوئی ہے، حکمران کرپشن کے معاملے پر بھی عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں، ظالم حکومت اب زیادہ دیر نہیں چل سکے گی۔