لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی آئی ایم ایف نہیں جاوں گا، خود کشی کر لوں گا کے نعرے لگاتے تھے، آئی ایم ایف سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد حکومت قیمتوں میں اضافہ واپس لے، حکومت نے مہنگائی پہلے کردی، آئی ایم ایف سے مذاکرات بھی ناکام ہوگئے ،وہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پہلے مان لیں پھر بھی مذاکرات ناکام ہوگئے، یہ ہے حکومت کی حکمت عملی؟ تین سال آئی ایم ایف کی اندھی تابعداری اور عوام کو مہنگائی سے لہولہان کردیا اور نتیجہ صفر؟۔
اتوار کو اپنے بیان میں مسلم لیگ ن کے صدر نے کہاکہ وزیر خزانہ کو سینیٹر بنوانے میں عمران نیازی نے جتنی دلچسپی لی، شوکت ترین نے بھی اتنی ہی دلچسپی سے مذاکرات کئے،حکومت نے عوام کو دھوکہ دیا اور آئی ایم ایف کو بھی چکر دیا، تین سال سے عوام کا معاشی قتل جاری ہے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہاکہ بجلی گیس پیٹرول آٹا اور چینی کی قیمت اور آئی ایم ایف سے ۔
مذاکرات کیوں ہوئے؟ قوم کو بتایا جائے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن)نے 2015 میں آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا، ان پر عمران نیازی تنقید کیا کرتے تھے۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ حکومت شہریوں کےدرمیان رشتے کوکمزورکررہی ہے، حکمران ٹولے کی عوام دشمن اوربےحس پالیسیوں کے مضمرات پریشان کن ہیں، پی ٹی آئی حکومت اپنی نااہلی سے مایوسی و انتشار پھیلا رہی ہے۔