شہباز شریف 32

آئین ہر شہری کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے ،حکومت ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے کوشاں ہے ، وزیراعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنیادی انسانی حقوق بالخصوص انسانی عزت و تکریم ، برابری اور آزادی کے تحفظ کے لئے قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نہ صرف انسانی حقوق کے معاملے میں بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کرتا ہے بلکہ بنیادی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں بھی تمام انسانی حقوق کو مقدم رکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے (آج )بدھ کو انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان آج عالمی برادری کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہا ہے، اس دن کی مناسبت سےآج پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ ہم بنیادی انسانی حقوق خصوصاً انسان کی عزت و تکریم ، برابری اور آزادی کے تحفظ کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی دن 2025 میں ’’ہماری روزمرہ کی ضروریات‘‘ کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، یہ موضوع اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ انسانی حقوق محض نظریاتی یا کتابی تصورات نہیں بلکہ وہ عملی اقدامات بشمول خوراک ،صاف پانی کی فراہمی اور تحفظ زندگی جیسے بنیادی عناصر پر مشتمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 10 دسمبر کو منایا جانے والا انسانی حقوق کا عالمی دن 1948 میں اقوام متحدہ کی جانب سے منظور کئے جانے والے تاریخی اعلامیہ برائے حقوق انسانی کی یاد تازہ کرتا ہے جو ایک ایسا سنگ میل ہے جس نے پوری انسانیت کے لئے عزت، آزادی، برابری اور انصاف کے تحفظ کی جدوجہد کا نیا باب رقم کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دن دنیا بھر کی اقوام کو یاد دلاتا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور انسانی اقدار کے احترام اور تحفظ کو یقینی بنائیں۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان نہ صرف انسانی حقوق کے معاملہ میں بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کرتا ہے بلکہ بنیادی دینی تعلیمات کی روشنی میں بھی تمام انسانی حقوق کو مقدم رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسانی حقوق کا سب سے مضبوط، معتبر اور موثر سرچشمہ ہے، اسلام پوری انسانیت کے لئے برابری کا اعلان کرتا ہے اور ایک ایسے معاشرے کا حکم دیتا ہے جہاں رنگ و نسل ذات، مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہ ہو اور سب باہمی امن و ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ، فروغ اور مؤثر نفاذ کے لئے پرعزم ہے۔

اقوام متحدہ کی رکن ریاست اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری میں پاکستان نے ہمیشہ ملکی اور عالمی سطح پر انسانی حقوق کی حمایت کی ہے، ہمارا آئین ہر شہری کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور حکومت انہی حقوق کے احترام کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کاوشیں کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ سماجی تحفظ، صنفی برابری، بچوں، خواتین، اقلیتوں، خصوصی افراد اور معاشرے کے کمزور طبقات کے حقوق کے مؤثر تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے،ہمارا مقصد ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں کوئی شہری بھی پیچھے نہ رہ جائے۔

وزیراعظم نے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کے تحفظ و ترویج کے لئے بااختیار ادارہ جاتی نظام قائم کیا گیا ، ہیلپ لائن 1099 کی قائم کی گئی ، نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس، نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن اور نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ حال ہی میں پارلیمنٹ نے اقلیتوں کے حقوق کے لئے نیشنل کمیشن بل 2025 بھی منظور کیا ہے تاکہ اقلیتوں کے حقوق کے لئے ایک آزاد کمیشن قائم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ آج انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ معاشرے میں ہر فرد کے عزت و احترام کو مزید مضبوط کیا جائے گا، ان کو ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے اور آبادی میں برابری و شمولیت کو قومی ترقی کی بنیاد بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے انسانی حقوق کے تحفظ کو مشترکہ ذمہ داری قرار دیتے ہوئے معاشرے کے تمام طبقات بشمول صوبائی حکومتوں ، ریاستی اداروں، سیاسی قیادت، سول انتظامیہ، میڈیا، سول سوسائٹی اور خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ رواداری، انصاف اور انسانی وقار کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں