فیاض الحسن چوہان

آئین وجمہوریت کا راگ الاپنے والی کٹھ پتلی حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے ‘فیاض الحسن چوہان

لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے راولپنڈی میں کامیاب حقیقی آزادی لانگ مارچ کے انعقاد پر پاکستان خصوصا راولپنڈی کے عوام سے اظہار تشکر کے لئے PPـ17 کی تمام یونین کونسلوں میں پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداروں، کارکنوں اور نمائندوں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیاـ

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گذشتہ کئی ماہ کی انتھک محنت اورکاوشوں سے ان کی قیادت میں راولپنڈی کی سب سے بڑی اور تاریخی ریلی نے حقیقی آزادی لانگ مارچ میں شرکت کی جس پر وہ اپنے حلقہ کے پی ٹی آئی رہنماؤں، عہدیداروں، کارکنوں اور عوام کے شکر گزار ہیں ـانہوں نے کہا کہ وہ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور انتقامی سیاست پر اپنی توانائیاں ضائع نہیں کرنا چاہتے ۔ انہوں کہا کہ پی پی 17 میں گذشتہ تین چار سالوں میں ڈھائی سے تین ارب روپے کی لاگت سے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے جن کا موازنہ پنجاب کے کسی بھی صوبائی حلقے سے نہیں کیا جاسکتا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ حلقہ کے عوام نے حقیقی آزادی لانگ مارچ کے موقع پر ان سے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی لانگ مارچ کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کامیاب حکمت عملی اور وژن نے پی ڈی ایم کی حکومت کی نیندیں حرام کر دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سلامتی، جمہوریت کے استحکام اور غریب طبقے کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے جدوجہد میں مصروف ہیں جس کے لئے عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئین اور جمہوریت کا راگ الاپنے والی کٹھ پتلی حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے جس کا راستہ روکنے کے لئے عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے عوام متحرک ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مایوسی کے بادل چھٹ چکے ہیں اورامید ظاہر کی کہ اب منزل قریب ہے جس کے حصول کے لئے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور اتحادی جماعتوں نے حکمت عملی طے کر لی ہے۔